جسمانیوضعقطع
عطراورسرمہلگانےکامسنونطریقہ
سوال:۔
عطر لگانے، سرمہ لگانے کا سنت طریقہ معلوم کرنا ہے، اور روٹی کھانے کے وقت چار ٹکڑے کرکے کھانا چاہئے یا بغیر ٹکڑے کئے ہوئے کھانا چاہئے؟ نیز یہ کہ کون سی ایسی کتاب ہے جس میں مکمل سنتیں درج ہیں؟
جواب:۔
عطر لگانے کا کوئی خاص طریقہ مسنون نہیں، البتہ دائیں جانب سے ابتدا کرنا سنت ہے۔(۱) سرمہ لگانے میں معمول مبارک یہ تھا کہ دائیں آنکھ میں ایک سلائی، پھر بائیں میں، پھر دائیں میں، اس طرح دائیں آنکھ سے شروع کرتے اور دائیں پر ہی ختم کرتے۔(۲)
روٹی کے چار ٹکڑے کرنے کی سنت میرے علم میں نہیں۔ ’’اُسوۂ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ حضرت ڈاکٹر عبدالحی رحمۃ اللہ علیہ کی تألیف ہے، اس کا مطالعہ مفید ہوگا۔ اسی طرح ’’خصائلِ نبوی شرح شمائل ترمذی‘‘ حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا صاحب نوّر اللہ مرقدہٗ کی تألیف ہے، اس کا مطالعہ بھی باعثِ برکت ہوگا۔
- (۱) یستحب البدائۃ بالیمنٰی فی کل ما کان من باب التکریم والزینۃ والنظافۃ ونحو ذالک ۔۔۔إلخ۔ (شرح المسلم للنووی ج:۲ ص:۱۹۷، باب إستحباب لبس النعال فی الیمنٰی ۔۔۔إلخ)۔
- (۲) قال عصام ویؤید الْإکتفاء بالْإثنین فی الیسریٰ ما ذکر بعض الأئمۃ انہ صلی اللہ علیہ وسلم کان یفتتح فی الْإکتحال بالیمنٰی ویختم بھا تفصیلًا لھا فإن الظاھر انہ صلی اللہ علیہ وسلم یکتحل فی الیمنٰی إثنین وفی الیسریٰ کذالک ثم یأتی بالثالث الیمنٰی لیختم بھا ویفضلھا علی الیسریٰ لواحد۔ (حاشیہ نمبر۱۰، شمائل ترمذی ص:۵ طبع مکتبہ رشیدیہ ساھیوال)۔

