بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

خواب‌کی‌حقیقت‌اور‌اس‌کی‌تعبیر

خواب‌میں‌رِشتہ‌دار‌کو‌سمندر‌میں‌تیرتے‌ہوئے‌دیکھنا

سوال:۔

میری کافی دِنوں سے خواہش تھی کہ میرے جو عزیز اِنتقال کرچکے ہیں، ان کو خواب میں دیکھوں، ایک روز میں دُعا کرکے سویا تو خواب میں دیکھا کہ ایک بہت بڑا سمندر ہے، جس میں صاف شفاف پانی ہے، اس میں حدِ نگاہ تک مرد حضرات نہار رہے ہیں، جن کا نصف حصہ نیچے کا پانی کے اندر ہے، اور اُوپر کا نصف پانی سے باہر ہے، سب نوجوان ہیں، اور پانی میں بہت خوش ہوکر نہاتے جاتے ہیں، جس وقت وہ پانی پر ہاتھ مارتے تھے، پانی پر چاندی کی سی چمک پیدا ہوتی تھی، جو کہ بہت اچھی لگ رہی تھی۔ میں نے کوشش کی کہ دیکھوں کہ یہ کون لوگ ہیں؟ اس خیال سے میں سمندر کے کنارے ایک اُونچی جگہ کھڑا ہوگیا، اتنے میں سمندر میں تیرتے ہوئے ایک شخص نے میرا نام لے کر مجھ کو ہاتھ کا اِشارہ کیا اور مجھ سے ٹھہرنے کو کہا، میں رُک گیا اور ان صاحب کا اِنتظار کرنے لگا، جب وہ صاحب کنارے پر آئے تو میں نے اُن کو پہچان لیا، وہ میرے قریب کے رشتہ دار تھے، وہ مجھ سے کہہ رہے تھے کہ بھائی آپ بھی یہاں آجائیں، یہ بہت اچھی جگہ ہے، میں نے ان کی اس بات کا کوئی جواب نہ دیا، کیونکہ مجھے تیرنا نہیں آتا تھا، میری خاموشی کا یہی مطلب تھا، پھر میری آنکھ کھل گئی، اس وقت فجر کی اَذان ہو رہی تھی۔ اَزرَاہِ کرم اس خواب کی تعبیر اِرشاد فرمادیں۔

جواب:۔

خوابوں کی تعبیریں تو مجھے آتی نہیں، بظاہر یہ خواب بہت اچھا ہے، اور جن لوگوں کو آپ نے پانی پر تیرتے ہوئے دیکھا ہے، وہ جنتی ہیں، اللہ تعالیٰ ہم سب کو جنت والے اعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔