بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

خواب‌کی‌حقیقت‌اور‌اس‌کی‌تعبیر

خواب‌میں‌والدین‌کی‌ناراضگی‌کا‌مطلب

سوال:۔

میرے والدین کا انتقال ہوچکا ہے، اس کے بعد سے آج تک جہاں مجھے نیند آئی، میرے والدین کسی اَن جانی رُوح کو ہمراہ لے کر میرے خواب میں دِکھائی دیتے ہیں، ان رُوحوں کی مسلسل خواب میں آمد نے مجھے ذہنی طور پر پریشان کردیا ہے، کبھی ہمارے ابو کسی پر ناراض ہوتے دِکھائی دیتے ہیں۔ ہم چھ بہنیں تین بھائی ہیں۔ مولانا صاحب! لوگ کہتے ہیں: ’’کوئی گھر میں فوت ہونے والا ہوتا ہے تو یہ رُوحیں مرنے والوں کو لینے آتی ہیں‘‘ لیکن میں تو بارہ ماہ اپنے والدین کی رُوحوں کو کسی غیررُوح کے ہمراہ خواب میں دیکھتی ہوں، میں باقاعدہ پانچ وقت نماز پڑھتی ہوں، تلاوت بھی کرتی ہوں، ثواب بھی ان کی رُوح اور کل رُوحوں کو پیش کرتی ہوں۔ خدا کے لئے اس کا جواب ضروری عنایت کیجئے، میں سوچ سوچ کر پریشان ہوچکی ہوں۔

جواب:۔

یہ خیال بالکل غلط ہے کہ اگر کوئی مرنے والا ہوتا ہے تو فوت شدہ لوگ مرنے والے کو لینے آتے ہیں، آپ کو خواب میں جو والدین کی زیارت کثرت سے ہوتی ہے، یہ آپ کی نہایت محبت کی علامت ہے، لوگ تو اپنے والدین کی خواب میں زیارت کے لئے ترستے ہیں اور آپ اپنی ناواقفی کی وجہ سے اس سے پریشان ہیں۔ آپ کے ابو کا ناراض دِکھائی دینا بھی آپ لوگوں کی اصلاح و تربیت کے لئے ہے۔ بہرحال آپ لوگوں کو اس سے پریشان ہرگز نہیں ہونا چاہئے، البتہ خلافِ شریعت کاموں کو ترک کرنے کا اہتمام کرنا چاہئے، اور اپنے والدین کے لئے دُعائے اِستغفار کرتے رہنا چاہئے۔