بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

خواب‌کی‌حقیقت‌اور‌اس‌کی‌تعبیر

خواب‌میں‌کسی‌کا‌کہنا‌کہ:‌’’تو‌نے‌رسول‌اللہ‌صلی‌اللہ‌علیہ‌وسلم‌کی‌گستاخی‌کی‌ہے‘‘‌کی‌تعبیر

سوال:۔

میں نے خواب میں دیکھا کہ میں جارہا ہوں، ایک لڑکا، جس کی عمر تقریباً ۲۰-۲۲سال ہوگی، مجھے کہتا ہے، جس کا مفہوم کچھ یوں ہے کہ ’’آپ نے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کی ہے‘‘ پھر میں اس سے کہتا ہوں کہ میرے لئے کچھ بخشش کی گنجائش ہے؟ اب اللہ کی ذات بہتر جانتی ہے کہ اس نے کیا جواب دیا۔ پھر اس نے ایک چیز کو اُوپر پھینکا، جب وہ نیچے آئی تو اس سے آگ بھڑک اُٹھی، میں روتا ہوا اپنی ماں کے پاس گیا، اور اس کے پاؤں پکڑے کہ تو مجھ کو معاف کردے۔ اس کے الفاظ کچھ ایسے تھے جیسے اس نے مجھے معاف کردیا۔ لیکن پھر میں نے اس کو بتایا کہ مجھ سے رسولِ پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی ہوگئی ہے، اس موقع پر ماں کے قریب میرے بھائی اور بہن بھی موجود تھے۔ سب نے مل کر میرے ان الفاظ پر اِستغفار کہا، پھر میں جاگ گیا۔ بظاہر مجھے کچھ یاد نہیں کہ مجھ سے کیا گستاخی ہوئی ہے؟ میری ذہنی پریشانی میں بے حد اِضافہ ہوگیا ہے، میری رہنمائی فرمائیں۔

جواب:۔

حق تعالیٰ شانہ‘ مجھے اور آپ کو معاف فرمائے، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں جو گستاخی ہوئی ہو، اللہ تعالیٰ اس کو معاف فرمائے۔ اس کے لئے اِجمالی طور پر دُعا کرلینا کافی ہے کہ یا اللہ! جو گستاخی بھی مجھ سے ہوئی ہو، میں اس پر معافی کا خواستگار ہوں۔ کلمہ شریف اور دُرود شریف کثرت سے پڑھا جائے۔ ایک اہم بات یہ کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مخالفت کرنا بھی بالواسطہ گستاخی ہے، اس لئے آپ غور کریں کہ آپ کسی سنت کی مخالفت تو نہیں کر رہے؟ اگر ایسا ہے تو اس مخالفت کو چھوڑ دیں اور اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں۔