بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

تصوّف

بیعت‌اور‌اصلاحِ‌نفس

سوال:۔

خیال پیدا ہوتا ہے کہ کیا کسی شیخ کی بیعت کرنا واجب اور ضروری ہے؟ اگر یہ نہ ہوسکے یا کسی بزرگ کی صحبت بھی نصیب نہ ہوئی ہو تو اس شخص کی تمام عمر کی نماز اور روزانہ کی تلاوت کلامِ پاک اور کوئی پچّیس برس سے تہجد وغیرہ مزید نوافل شکرانہ اور تسبیحات سب بیکار گئیں، اور کیا اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے اس شخص کی بخشش نہ فرمائیں گے؟

جواب:۔

شیخ سے بیعت بایں معنی تو واجب نہیں کہ اس کے بغیر کوئی عمل ہی معتبر نہ ہو، لیکن بایں معنی ضروری ہے کہ اس کے بغیر نفس کی اصلاح نہیں ہوتی، رُوحانی و قلبی امراض (نماز، روزہ، ذکر و اَذکار کے باوجود) باقی رہتے ہیں، شیخ کی جوتیوں سے نفس کی اصلاح ہوتی ہے۔