بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

اخلاقیات

گوشت‌کا‌کاروبار‌کرنے‌والوں‌کو‌’’قصائی‘‘‌کہنا

سوال:۔

ہم لوگ گوشت کا کاروبار کرتے ہیں اور لوگوں کی خدمت کرکے روزی کمانا ہمارا مقصود ہے، لیکن ہمارے اس پیشے کو لوگ اچھا نہیں سمجھتے اور ہمیں ’’قصائی‘‘ کے ہتک آمیز لفظ سے پکارتے ہیں، حالانکہ قصائی کے معنی ظالم اور خونخوار کے ہیں، کیا اس طرح توہین آمیز الفاظ کا اِستعمال ہم مسلمانوں کے لئے دُرست ہے؟

جواب:۔

اسلام میں پیشے کی بنا پر ذِلت اور عزّت کا معیار نہیں، بلکہ تقویٰ عزّت کا معیار ہے۔(۱) اس لئے گوشت کے کاروبار کا پیشہ اچھا نہ سمجھنا غلط ہے، اور اسی طرح گوشت فروخت کرنے والوں کو ’’قصائی‘‘ کہہ کر ان کی توہین کرنا بھی صحیح نہیں۔ اگر کوئی شخص ’’قصائی‘‘ بُرے معنی میں اِستعمال کرتا ہے تو وہ بُرے القاب اِستعمال کرنے کے زُمرے میں آتا ہے، جس کی اسلامی تعلیمات میں سخت ممانعت ہے۔(۲) اس لئے گوشت کے کاروبار کرنے والوں کے لئے ایسے الفاظ اِستعمال کرنے چاہئیں جس سے توہین کا پہلو نہ نکلتا ہو۔

  1. (۱) ﵟ إِنَّ أَكۡرَمَكُمۡ عِندَ ٱللَّهِ أَتۡقَىٰكُمۡ ﵞ سورة الحجرات ١٣۔
  2. (۲) ﵟ وَلَا تَلۡمِزُوٓاْ أَنفُسَكُمۡ وَلَا تَنَابَزُواْ بِٱلۡأَلۡقَٰبِۖ بِئۡسَ ٱلِٱسۡمُ ٱلۡفُسُوقُ بَعۡدَ ٱلۡإِيمَٰنِ ﵞ سورة الحجرات ١١۔