خریدوفروختکےمتفرّقمسائل
اِنعامکیرقمکیسےدیں؟
سوال:۔
کارخانے میں کاریگروں کو ہر نصف ماہ کے بعد کارخانے کے مال کی پیداوار بطور اِنعام حصہ رسدی نقد رقم دی جاتی ہے، کچھ کاریگر صاحبان کام چھوڑ کر چلے گئے اور اپنے اِنعام کی رقم بہت عرصے سے لینے نہیں آئے، نہ ان کا کوئی پتا ہے، وہ نقد رقم امانتاً موجود ہے، اس کو کیا کرنا چاہئے؟
جواب:۔
اِنعام وہ کہلاتا ہے جس کے نہ ملنے پر شکایت نہ ہو، اور نہ وہ حقِ واجب کی حیثیت رکھتا ہو۔ کارکنوں کو جو اِنعام کی رقم دی جاتی ہے اگر اس کی یہی حیثیت ہے تو جن صاحبان کو رقم نہیں دی گئی ان کے حصے کی رقم کارخانے والوں کی ہے، وہ جو چاہیں کریں۔ اور اگر اس کا نام ’’اِنعام‘‘ بس یونہی رکھ دیا گیا ہے، ورنہ وہ دراصل حقِ واجب کی حیثیت رکھتا ہے، تب بھی جو ملازم کارخانہ چھوڑ کر چلے گئے وہ اس کے مستحق نہیں، کیونکہ اس اِنعام کے لئے تاریخ مقرّر کرنے کے معنی یہ ہیں کہ جو لوگ اس تاریخ کو ملازم ہوں گے وہ اِنعام کے مستحق ہوں گے۔ اس لئے جن کارکنوں نے اس مقرّرہ تاریخ سے پہلے کارخانہ چھوڑ دیا ان کا اِستحقاق ختم ہوگیا۔(۱) البتہ اگر ملازم نے خود کارخانہ نہ چھوڑا ہو بلکہ کارخانہ دار نے اس کو نکال دیا ہو تو وہ اس اِنعام کا مستحق ہے، اور کارخانہ دار کا فرض ہے کہ ملازم کو سبکدوش کرتے ہوئے اس کے حصے کا یہ اِنعام بھی دے۔
- (۱) إذا بطل الشیء بطل ما فی ضمنہٖ، إذا بطل المتضمِن بطل المتضمَن۔ (الأشباہ والنطائر ص:۳۹۱)۔

