بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

صدقہ،‌فقراء‌وغیرہ‌سے‌متعلق‌مسائل

اگر‌رات‌کا‌کھانا‌کمپنی‌کے‌ذمہ‌ہو‌تو‌ملازمین‌کو‌کھلایا‌گیا‌گوشت‌صدقہ‌نہیں‌ہوگا

سوال:۔

آپ مجھے صدقے کی شرعی حیثیت کے بارے میں بتائیے، یعنی صدقے کے گوشت پر کن لوگوں کا حق ہے؟ میں جسم کمپنی میں کام کرتا ہوں، وہاں پر ہم لوگوں کو رات کا کھانا دیا جاتا ہے، ابھی کچھ عرصے سے یہ سلسلہ شروع ہوا ہے، کمپنی کے مالکان بکرا منگواکے کٹواتے ہیں، اور یہ گوشت رات کے کھانے میں اسٹاف کو دِیا جاتا ہے، کچھ لوگوں سے معلوم کرنے پر پتا چلا کہ یہ صدقے کا گوشت ہے، اور کچھ کہتے ہیں یہ اللہ واسطے ہے۔

سوال یہ ہے کہ جب رات کا کھانا کمپنی کے ذمے ہے تو اس طرح صدقے کا گوشت اسٹاف کو کھلانا جائز ہے یا نہیں؟ اور اسٹاف کا ۔۔۔جن میں سیّد حضرات بھی شامل ہیں۔۔۔ یہ کھانا کھانا جائز ہے؟ ہمارے ساتھی کا کہنا ہے کہ کیونکہ رات کا کھانا کمپنی کے ذمے ہے اس لئے ان کا صدقہ ہوا ہی نہیں اور ہمارا یہ کھانا جائز ہے۔

جواب:۔

آپ کے ساتھی کا یہ کہنا صحیح ہے کہ چونکہ رات کا کھانا کمپنی کے ذمے ہے، اس لئے یہ کھانا بھی گویا اُجرت میں شامل ہے، اور اُجرت میں دی گئی چیز کا صدقہ نہیں ہوتا۔(۱) اس لئے آپ کو اس کا کھانا جائز ہے۔

  1. (۱) ولَا تحسب اجرۃ العامل ونفقۃ البقر وکری الأنھار وأجرۃ الحفاظ وغیر ذالک۔ (عالمگیری ج:۱ ص:۱۸۷)۔