بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

سجدۂ‌تلاوت

آیتِ‌سجدہ‌معلوم‌نہیں‌تو‌سجدۂ‌تلاوت‌واجب‌نہیں

سوال:۔

قرآن پاک کی مختلف آیاتِ طیبات کے پڑھتے وقت سجدہ لازم ہے، میں نے سنا ہے کہ پڑھنے والے اور سننے والے اَشخاص پر یہ سجدہ فرض ہے، میرا مسئلہ یہ ہے کہ آج کل ریڈیو، ٹی وی حتیٰ کہ مسجدوں میں بھی اکثر ٹیپ ریکاررڈ پر قرآن پاک کے کیسٹ لگائے جاتے ہیں، جو لاؤڈاسپیکر کے ذریعے بآوازِ بلند بجتے ہیں، میں چونکہ پورا قرآن شریف پڑھا ہوا نہیں، اس لئے مجھے علم نہیں کہ کن آیات پر سجدہ کرنا فرض ہے؟ اگر مذکورہ ذرائع کے ذریعے وہ آیاتِ سجدہ سنائی دیں اور لاعلمی کی وجہ سے میں سجدہ نہ کروں تو کیا یہ گناہ ہوگا یا نہیں؟

جواب:۔

کیسٹ کی آواز سننے سے سجدۂ تلاوت واجب نہیں ہوتا، ریڈیو پر بھی اگر کیسٹ لگی ہوئی ہو تو اس کا بھی یہی حکم ہے۔(۱) اور اگر براہِ راست تلاوت ہو رہی ہو تو جن لوگوں کو معلوم ہو کہ یہ سجدے کی آیت ہے، ان پر سجدۂ تلاوت واجب ہے، اور جن کو معلوم نہیں وہ معذور ہیں۔

  1. (۱)ولَا تجب إذا سمعھا من الطائر أو الصدی لَا تجب لأنہ محاکاۃ ولیس بقرائۃ۔ (حلبی کبیر ص:۵۰۰)۔ تفصیل کے لئے ملاحظہ ہو: آلاتِ جدیدہ، تالیف: مفتی محمد شفیع رحمہ اللہ، ص:۱۶۵، طبع ادارۃ المعارف کراچی۔