جمعہکینماز
جمعہکینمازفرضیاواجب؟
سوال:۔
جمعہ کی نماز فرض ہے یا واجب؟ جمعہ کی نماز ادا کرنے کے بعد ظہر کی نماز ادا کرنے کی ضرورت باقی رہتی ہے یا نہیں؟ جمعہ کی نماز شروع ہونے سے قبل اور بعد میں عام طور پر لوگ نمازیں پڑھتے نظر آتے ہیں، وہ کون سی نماز پڑھتے ہیں؟
جواب:۔
جمعہ کی نماز فرض ہے،(۱) اور یہ ظہر کی نماز کے قائم مقام ہے، اس لئے جمعہ کے بعد ظہر کی ضرورت نہیں۔(۲) جمعہ سے قبل و بعد سنتیں ادا کی جاتی ہیں، جمعہ سے پہلے چار سنتیں، اور جمعہ کے بعد پہلے چار رکعتیں مؤکدہ،(۳) پھر دو رکعتیں غیرمؤکدہ۔ ان سنتوں کے علاوہ کچھ حضرات نوافل بھی پڑھتے ہیں۔
- (۱) ان الجمعۃ فریضۃ محکمۃ بالکتاب والسنۃ والْإجماع یکفر جاحدھا۔ (فتح القدیر ج:۱ ص:۴۰۷، کتاب الصلاۃ، باب صلاۃ الجمعۃ)۔
- (۲) حتی لو أدی الجمعۃ یسقط عنہ الظھر وتقع الجمعۃ فرضًا ۔۔۔إلخ۔ (بدائع صنائع ج:۱ ص:۲۵۶)۔
- (۳) والسنۃ قبل الجمعۃ أربع وبعدھا أربع ۔۔۔ وعند أبی یوسف رحمہ اللہ تعالٰی السنۃ بعد الجمعۃ ست رکعات وھو مروی عن علی رضی اللہ عنہ والأفضل أن یصلی أربعًا ثم رکعتین للخروج عن الخلاف۔ (حلبی کبیر ص:۳۸۸، ۳۸۹، فصل فی النوافل، طبع سھیل اکیڈمی لَاھور)۔

