مسافرکینماز
قصرنمازمیںالتحیات،دُرودشریفاوردُعاکےبعدسلامپھیراجائے
سوال:۔
سفر میں فرض نماز کی جو قصر پڑھتے ہیں، یعنی چار رکعت کے بجائے صرف دو رکعت فرض پڑھے جاتے ہیں، تو کیا دو رکعت کے بعد تشہد یعنی التحیات پڑھ کر سلام پھیرتے ہیں یا پہلے دونوں دُرود شریف پڑھتے ہیں اور پھر التحیات یعنی تشہد کے بعد سلام پھیرتے ہیں؟
جواب:۔
جس طرح فجر کی نماز میں دو رکعت پر بیٹھ کر پہلے التحیات، پھر دُرود شریف، پھر دُعا پڑھ کر سلام پھیرتے ہیں، قصر نماز میں اسی طرح کرنا چاہئے۔ آپ کے سوال میں دو غلطیاں ہیں، ایک یہ کہ آپ نے لکھا ہے کہ: ’’پہلے دونوں دُرود شریف پڑھتے ہیں اور پھر التحیات یعنی تشہد کے بعد سلام پھیرتے ہیں‘‘ حالانکہ التحیات پہلے پڑھی جاتی ہے، اور دُرود شریف، التحیات کے بعد پڑھا جاتا ہے۔ دُوسری غلطی یہ کہ آپ نے ’’دونوں دُرود شریف‘‘ کا لفظ استعمال کیا ہے، حالانکہ’’اَللّٰھُمَّ صَلِّ ۔۔۔‘‘ اور’’اَللّٰھُمَّ صَلِّ ۔۔۔‘‘ یہ دونوں مل کر ایک ہی دُرود شریف ہے۔(۱)
- (۱) ویجلس فی الأخیرۃ ویتشھد فإذا فرغ من التشھد یصلی علی النبی صلی اللہ علیہ وسلم، فإذا فرغ من الصلاۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ ویدعو ۔۔۔ ثم یسلم تسلیمتین ۔۔۔إلخ۔ (عالمگیری ج:۱ ص:۷۶، کتاب الصلاۃ، الباب الرابع فی صفۃ الصلاۃ، طبع رشیدیہ کوئٹہ)۔

