مسجدکےمسائل
مسجد کی دیوار پر اشتہار لگانا
سوال:۔
مسجد اللہ کا گھر ہے، ہر مسلمان پر اس کا احترام واجب ہے، لیکن دیکھنے میں آیا ہے کہ لوگ مسجدوں کی دیواروں پر اشتہار چسپاں کردیتے ہیں، بلکہ اُلٹی سیدھی عبارتیں اور اعلانات بھی جلی حروف میں لکھ دیتے ہیں۔ مولانا صاحب! مہربانی فرماکر یہ بتائیں کہ مساجد کی دیواروں کے ساتھ یہ سلوک کہاں تک جائز ہے؟ اور مشتہرین کو اس فعل کی کیا سزا جزا ملنی چاہئے؟
جواب:۔
مسجد کے دروازوں اور دیواروں پر اشتہار چپکانا دو وجہ سے ناجائز ہے، ایک یہ کہ مسجد کی دیوار کا استعمال ذاتی مقصد کے لئے حرام ہے، چنانچہ فقہاء نے لکھا ہے کہ مسجد کے ہمسائے کے لئے یہ جائز نہیں کہ مسجد کی دیوار پر اپنے مکان کا شہتیر یا کڑی رکھے۔(۱)
دُوسری وجہ یہ ہے کہ مساجد کی تعظیم اور صفائی کا حکم دیا گیا ہے،(۲) اور مسجد کی دیوار پر اشتہار لگانا اس کی بے ادبی بھی ہے، اور اس کو گندا کرنا بھی۔ کیا کوئی شخص گورنر ہاؤس کے دروازے پر اشتہار لگانے کی جرأت کرسکے گا؟ اور اس کو اس کی اجازت دی جائے گی؟ اور کیا اپنے مکان کے در و دیوار پر مختلف النوع اشتہار لگائے جانے کو پسند کرے گا؟ کیا مسلمانوں کی نظر میں اللہ کے گھر کی عظمت اپنے گھر کے برابر بھی نہیں رہی؟ افسوس ہے کہ مسجد کے در و دیوار پر اشتہار لگانے کی وبا عام ہو رہی ہے، نہ تو اشتہار لگانے والوں کو خانۂ خدا کا احترام مانع ہوتا ہے اور نہ علمائے کرام ہی اس پر متنبہ فرماتے ہیں۔ یاد رہنا چاہئے کہ خانۂ خدا کی آبادی، شہر اور محلے کی آبادی کا ذریعہ ہے، اور خانۂ خدا کی ویرانی ہمارے محلوں اور شہروں کی ویرانی و بربادی کا سبب ہے۔(۳)
- (۱) قلت: وبہ علم حكم ما یصنعہ بعض جیران المسجد من وضع جذوع علٰی جدارہ فإنہ لَا یحل ولو دفع الأجرۃ۔ (ردالمحتار ج:۴ ص:۳۵۸، كتاب الوقف، مطلب فی أحکام المساجد)۔
- (۲) عن أنس قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: البزاق فی المسجد خطیئۃ وكفارتھا دفنھا۔ متفق علیہ۔ وعن عائشۃ قالت: أمر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ببناء المسجد فی الدور وأن ینظّف ویطیّب۔ رواہ أبوداوٗد والترمذی وابن ماجۃ۔ (مشكوٰۃ ص:۶۹، كتاب الصلاۃ، باب المساجد ومواضع الصلاۃ)۔
- (۳) ﵟ وَمَنۡ أَظۡلَمُ مِمَّن مَّنَعَ مَسَٰجِدَ ٱللَّهِ أَن يُذۡكَرَ فِيهَا ٱسۡمُهُۥ وَسَعَىٰ فِي خَرَابِهَآۚ أُوْلَٰٓئِكَ مَا كَانَ لَهُمۡ أَن يَدۡخُلُوهَآ إِلَّا خَآئِفِينَۚ لَهُمۡ فِي ٱلدُّنۡيَا خِزۡيٞ وَلَهُمۡ فِي ٱلۡأٓخِرَةِ عَذَابٌ عَظِيمٞ ١١٤ ﵞ البقرة ١١٤۔

