بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

مسجد‌کے‌مسائل

مسجد کے مدرسے کے لئے قربانی کی کھالوں کا اعلان جائز ہے

سوال:۔

ہماری مسجد میں طرح طرح کے اعلانات ہوتے رہتے ہیں، مثلاً: کوئی گم ہوگیا ہے، کوئی مل گیا ہے، کسی کا بکرا کھوگیا ہے، کسی کی گھڑی، کسی کی سائیکل وغیرہ، نیز عیدقربان کے موقع پر قربانی کی کھالیں مسجد میں واقع مدرسہ کے لئے چندہ جمع کرنے کے لئے دن رات اعلانات ہوتے رہتے ہیں، شریعت کی رُو سے مطلع فرمائیں کہ یہ اعلان مسجد میں جائز ہیں یا نہیں؟ کیونکہ اس طرح ان اعلانوں سے انسان بیزار ہوجاتا ہے، اللہ تعالیٰ ہم کو صحیح معنوں میں شریعت پر چلائے۔

جواب:۔

اگر کوئی چیز مسجد میں پڑی ہوئی ملے، اس کا اعلان مسجد میں کرنا جائز ہے، باہر کسی کی کوئی چیز گم ہوگئی ہو، اس کی تلاش کے لئے مسجد میں اس کا اعلان کرنا جائز نہیں، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے لئے بددُعا فرمائی ہے: ’’لَا رَدَّ اللّٰهُ عَلَيْكَ!‘‘ یعنی ’’خدا کرے تیری گمشدہ چیز نہ ملے!‘‘(۱) مدرسہ کے لئے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کا اعلان جائز ہے، ایک دو بار اعلان کردیا جائے، مگر یہ یاد رہے کہ اس اعلان کی وجہ سے کسی نمازی کی نماز میں خلل نہ پڑے۔

  1. (۱) مشكوٰۃ ص:۶۸، كتاب الصلاۃ، باب المساجد وموضع الصلاۃ، الفصل الأوّل، طبع قدیمی کتب خانہ۔