بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

مسجد‌کے‌مسائل

مسجد کے کس حصے میں داخل ہوتے وقت دُعا پڑھنی چاہئے؟

سوال:۔

مسجد میں داخل ہونے کی دُعا پڑھنا اور داہنا پاؤں پہلے اندر رکھنا مسنون طریقہ ہے، آپ وضاحت فرمائیں کہ دُعا مسجد کے بیرونی گیٹ کے اندر داخل ہوتے وقت پڑھی جائے یا کہ اس حصے میں داخل ہوتے وقت جہاں نماز پڑھی جاتی ہے؟ سنت طریقہ کیا ہے؟

جواب:۔

جو حصہ نماز کے لئے مخصوص ہے اور جس پر مسجد کے اَحکام جاری ہوتے ہیں (مثلاً جنبی کا مسجد میں داخل نہ ہونا، اور معتکف کا بلاضرورت مسجد سے باہر قدم نہ رکھنا) اس حصے میں داخل ہوتے وقت دُعا پڑھنی چاہئے، مسجد میں داخل ہوتے وقت دایاں پاؤں پہلے رکھے اور یہ پڑھے:

’’بِسْمِ اللّٰهِ وَالصَّلٰوٰةُ وَالسَّلَامُ عَلٰى رَسُولِ اللّٰهِ، اَللّٰهُمَّ افْتَحْ لِي أَبْوَابَ رَحْمَتِكَ‘‘۔(۱)

  1. (۱) عن أبی أسید قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: إذا دخل أحدكم المسجد فلیقل: اللّٰھم افتح لی أبواب رحمتك، وإذا خرج فلیقل: اللّٰھم إنی أسئلك من فضلك۔ رواہ مسلم۔ (مشكوٰۃ ص:۶۸)۔ وعن فاطمۃ بنت الحسین عن جدتھا فاطمۃ الكبریٰ رضی اللہ عنھا قالت: کان النبی صلی اللہ علیہ وسلم إذا دخل المسجد صلّٰی علٰی محمد وقال: ربّ اغفر لی ذنوبی وافتح لی أبواب رحمتك، وإذا خرج صلّٰی علٰی محمد وقال: ربّ اغفر لی ذنوبی وافتح لی أبواب فضلك۔ رواہ الترمذی وأحمد وابن ماجۃ وفی روایتھما: قالت: إذا دخل المسجد وكذا إذا خرج قال: بسم اللہ والسلام علٰی رسول اللہ بدل صلی علٰی محمد۔ (مشكوٰۃ ص:۷۰، الفصل الثانی، طبع قدیمی کتب خانہ)۔