بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

مسجد‌کے‌مسائل

بلااجازت غیرمسلم کی جگہ پر مسجد کی تعمیر ناجائز ہے

سوال:۔

ایک زمین ہے جو غیرمسلم کی ہے، اس غیرمسلم نے اپنی زمین کو ایک مسلم شخص کے حوالے کیا ہے کہ جب تک میں اپنے وطن سے نہ آجاؤں، اس کی اچھی طرح دیکھ بھال کریں، اس مسلم شخص نے اس کی زمین پر مدرسہ اور مسجد بناڈالی، جبکہ وہ غیرمسلم دوبارہ اپنی جگہ پر آیا ہے اور اس نے اپنی زمین پر مدرسہ اور مسجد بنا ہوا دیکھا ہے، اور اس نے مسلم شخص کو کہا ہے کہ میری زمین میں کیوں خیانت کی ہے؟ اس زمین پر مدرسہ اور مسجد بنایا ہے، میں ان دونوں کو توڑ دوں گا۔ آیا شریعت میں اس غیرمسلم کو اجازت ہے کہ اس مسجد اور مدرسہ کو توڑ دے؟

جواب:۔

مالک کی اجازت کے بغیر مسجد اور مدرسہ بنانا صحیح نہیں، لہٰذا اس غیرمسلم کو حق ہے کہ اپنی زمین سے مسجد اور مدرسہ کو اُکھاڑ دے، اور مسلمان اگر اس مسجد اور مدرسہ کو باقی رکھنا چاہتے ہیں تو غیرمسلم کو اس کی قیمت دے کر رضامندی سے خرید لیں۔(۱)

  1. (۱) فإن شرط الوقف التأبید والأرض إذا کانت ملكًا لغیرہ فللمالك استردادھا، وأمرہ بنقض البناء ۔۔۔إلخ۔ (فتاویٰ شامی ج:۴ ص:۳۹۰، كتاب الوقف مطلب مناظرۃ ابن الشحنۃ مع شیخہ العلّامۃ قاسم فی وقف البناء)۔