مسجدکےمسائل
تمام مساجد اللہ کا گھر ہیں
سوال:۔
کیا مساجد اللہ تعالیٰ کے گھر نہیں؟ صرف سجدے کی وجہ سے مسجد کا نام رکھا گیا ہے، صرف بیت اللہ ہی اللہ کا گھر ہے؟
جواب:۔
کعبہ شریف تو ’’بیت اللہ‘‘ کہلاتا ہی ہے، عام مسجدوں کو بھی ’’اللہ کا گھر‘‘ کہنا صحیح ہے، چنانچہ ایک حدیث میں ہے:
’’إِنَّ بُيُوْتَ اللهِ تَعَالٰى فِيْ الْأَرْضِ الْمَسَاجِدُ، وَإِنَّ حَقًّا عَلَى اللهِ أَنْ يُكْرِمَ مَنْ زَارَهُ فِيْهَا۔‘‘ (طب، عن ابن مسعود)
ترجمہ:۔’’بے شک زمین میں اللہ تعالیٰ کے گھر مسجدیں ہیں، اور اللہ تعالیٰ کے ذمہ حق ہے کہ جو شخص ان میں اللہ تعالیٰ کی زیارت کو جائے اس کا اکرام فرمائیں۔‘‘
ایک اور حدیث میں ہے:
’’إِنَّ عُمَّارَ بُيُوْتِ اللهِ هُمْ أَهْلُ اللهِ۔‘‘ (عبد بن حمید)
ترجمہ:۔’’بے شک اللہ تعالیٰ کے گھروں کو آباد کرنے والے اللہ تعالیٰ کے خاص لوگ ہیں۔‘‘
یہ دونوں حدیثیں جامع صغیر جلد:۱ صفحہ:۹۰، ۹۱ میں ہیں، اور ان میں مساجد کو ’’اللہ کے گھر‘‘ فرمایا گیا ہے۔

