پاکیسےمتعلقعورتوںکےمسائل
کیا غیرضروری بال عورت کو ہر ماہواری کے بعد صاف کرنے ضروری ہیں؟
سوال:۔
ایک بہت پیچیدہ مسئلہ ہے، جس کی وجہ سے پریشان ہوں، ماں کا کافی دنوں پہلے اِنتقال ہوچکا ہے، آپ کے علاوہ کوئی نہیں جس سے پوچھوں۔ ٹیچر نے بتایا کہ ہر ماہواری کے بعد Hair Removing کریم سے نیچے کے بال صاف کرکے نہایا کرو، ورنہ پاکی نہیں آتی۔ کسی نے بتایا کہ 40 دِن کے بعد ایک دفعہ بال صاف کرنے چاہئیں، ہر ماہواری کے بعد ضروری نہیں ہے۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ مجھے ماہواری جلدی ہوتی ہے اور ہر 22 یا 23 دِن کے وقفے سے اکثر نہانا پڑجاتا ہے، اب کیا میں ہر 22 یا 23 دِن بعد Cream کے ذریعے نہاؤں؟ کیا ضروری نہیں ہے؟ یا ہر 40 دن بعد ایک دن Cream کا اِستعمال کرلوں؟ برائے مہربانی جلد جواب سے نوازیں، میں بڑی مشکل محسوس کرتی ہوں کہ 22 یا 23 دِن بعد Cream کا اِستعمال خاصا تکلیف دہ مرحلہ لگتا ہے۔
جواب:۔
آپ نے انگریزی الفاظ لکھنے کی خوب مشق کی ہے، حالانکہ میں انگریزی جانتا نہیں۔
بہرحال غیرضروری بال ہر ہفتے صاف کرنا سنت ہے، اور چالیس دن تک صفائی نہ کی جائے تو جائز ہے، اور چالیس دن کے بعد بھی صفائی نہ کرنا گناہ ہے۔
ہر ماہواری سے پاک ہونے پر اگر صفائی کی جائے تو بہت اچھی بات ہے، ورنہ چالیس دن تک صفائی نہ کرنے کی اجازت ہے۔ واللہ اعلم!(۱)
- (۱) فالأسبوع ھو الأفضل والخمسۃ عشر الأوسط والأربعون الأبعد، ولَا عذر فیما وراء الأربعین ویستحق الوعید۔ (عالمگیری ج:۵ ص:۳۵۸)۔

