غسلکےمسائل
عورت کو تمام بالوں کا دھونا ضروری ہے
سوال:۔
کیا میاں بیوی والے حقوق ادا کرنے کے بعد پاک ہونے کے لئے غسل میں سر کے بال دھونا بھی شامل ہے یا بال گیلے کئے بغیر بھی غسل کرنے سے عورت پاک ہوجاتی ہے؟
جواب:۔
سر کے بال دھونا فرض ہے، اس کے بغیر غسل نہیں ہوگا، بلکہ اگر ایک بال بھی سوکھا رہ گیا تو غسل ادا نہیں ہوا۔ پرانے زمانے میں عورتیں سر گوندھ لیا کرتی تھیں، ایسی عورت جس کے بال گندھے ہوئے ہوں، اس کے لئے یہ حکم ہے کہ اگر وہ اپنی مینڈھیاں نہ کھولے اور پانی بالوں کی جڑوں تک پہنچالے تو غسل ہوجائے گا،(۱) لیکن اگر سر کے بال کھلے ہوئے ہوں جیسا کہ آج کل عام طور پر عورتیں رکھتی ہیں تو پورے بالوں کا تر کرنا غسل کا فرض ہے،(۲) اس کے بغیر عورت پاک نہیں ہوگی۔
- (۱) وكفی بل أصل ضفیرتھا أی شعر المرأۃ المضفور للحرج۔ (در مختار علٰی ھامش رد المحتار ج:۱ ص:۱۵۳ مطلب فی ابحاث الغسل)۔
- (۲) اما المنقوض فیفرض غسل كلہ اتفاقًا۔ (در محتار علٰی ھامش رد المحتار ج:۱ ص:۱۵۳ مطلب فی ابحاث الغسل)۔

