بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

توہم‌پرستی

کیا‌محرّم،‌صفر‌میں‌شادیاں‌رنج‌و‌غم‌کا‌باعث‌ہوتی‌ہیں

سوال:۔

محرّم، صفر، شعبان میں چونکہ شہادتِ حسینؓ اور اس کے علاوہ بڑے سانحات ہوئے، ان کے اندر شادی کرنا نامناسب ہے۔ اس لئے کہ شادی ایک خوشی کا سبب ہے اور ان سانحات کا غم تمام مسلمانوں کے دِلوں میں ہوتا ہے اور مشاہدات سے ثابت ہے کہ ان مہینوں میں کی جانے والی شادیاں کسی نہ کسی سبب سے رنج و غم کا باعث بن جاتی ہیں۔ اس میں کسی عقیدے کا کیا سوال؟

جواب:۔

ان مہینوں میں شادی نہ کرنا اس عقیدے پر مبنی ہے کہ یہ مہینہ منحوس ہے، اسلام اس نظریے کا قائل نہیں۔(۱) محرّم میں حضرت اِمام حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت ہوئی مگر اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ اس مہینے میں عقدِ نکاح ممنوع ہوگیا، ورنہ ہر مہینے میں کسی نہ کسی شخصیت کا وصال ہوا جو حضرت حسین رضی اللہ عنہ سے بھی بزرگ تر تھے، اس سے یہ لازم آئے گا کہ سال کے بارہ مہینوں میں سے کسی میں بھی نکاح نہ کیا جائے۔ پھر شہادت کے مہینے کو سوگ اور نحوست کا مہینہ سمجھنا بھی غلط ہے۔

  1. (۱) اغلاط العوام ص:۱۸۴ مہینوں کی اغلاط۔