تعویذگنڈےاورجادو
جادوکےاثراتکاازالہ
سوال:۔
میری عمر تقریباً ۳۰ سال ہے، اور میں غیرشادی شدہ ہوں، رشتے تو آتے ہیں اور لوگوں کی زبانی پتا چلتا ہے کہ انہیں پسند ہے، لیکن وہ خود آکر ہاں نہیں کہتے۔ یہ سلسلہ عرصہ دس سال سے چل رہا ہے، لوگوں کے آنے سے پہلے یا آنے کے بعد میرے گھٹنوں کے اُوپر یا رانوں پر نیلے دھبے پڑجاتے ہیں۔ کوئی مولانا ہیں، وہ کہتے ہیں کہ یہ جادو ہے۔ بہت تعویذ کئے، وظیفے پڑھے لیکن کوئی اثر نہیں ہوا۔ اب لوگ تو بہت کم آتے ہیں اور مجھے عمر بتاتے ہوئے شرم آتی ہے، اب اگر میں شادی نہ کروں جبکہ کوئی رشتہ بھی نہیں ہے، تو مجھے گناہ تو نہیں ہوگا؟ میں خدا کی رحمت سے مایوس نہیں ہوں۔
میرا دُوسرا سوال یہ ہے کہ میں نے احادیث اور قرآنی آیات میں پڑھا ہے کہ لڑکیوں کے پالنے والوں کو بہت ثواب ملے گا، اور لڑکیاں قیامت کے دن ان کے لئے دوزخ سے ڈھال بنیں گی، لیکن کہیں پر مجھے یہ نہیں ملا کہ جن لڑکیوں کی شادی نہیں ہوتی یا دیر سے ہوتی ہے، اس کا کیا اَجر ہے؟ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ غیرشادی شدہ مرجائیں تو شہید ہوتی ہیں، مجھے اس کا جواب قرآن و سنت کی روشنی میں دیجئے۔
جواب:۔
نمازِ عشاء کے بعد اوّل و آخر گیارہ مرتبہ ’’دُرود شریف‘‘ اور درمیان میں گیارہ سو مرتبہ ’’یا لطیف‘‘ پڑھ کر دُعا کیا کریں۔ اور جادو کا شبہ ہو تو قرآنِ کریم کی آخری دو سورتیں ۳۱ مرتبہ پڑھ کر پانی پر دَم کرکے دُعا کیا کریں اور پانی پی لیا کریں۔
۲:۔ جب تک بچی کی شادی نہیں ہوتی، یہی اَجر ہے۔(۱)
- (۱) وروی الطبرانی عن عوف بن مالك رضی اللہ عنہ أن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قال: ما من مسلم یکون لہ ثلاث بنات فینفق علیھنّ حتّٰی یَبِنّ أو یَمُتْنَ إلّا كنّ لہ حجابًا من النّار، فقالت لہ امرأۃ أو بنتان؟ قال: وبنتان، وشواھدہ کثیرۃ۔ (الترغیب والترھیب ج:۳ ص:۶۷ طبع دار إحیاء التراث العربی)۔

