بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

علاماتِ‌قیامت

چودھویں‌صدی‌میں‌اِمام‌مہدیؓ‌کے‌آنے‌کی‌شرعی‌حیثیت

سوال:۔

حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک حدیث مبارکہ کہ جب چودھویں صدی ہجری میں اِمام مہدی آئے گا تو اسے میرا سلام کہنا۔ اب جبکہ چودہ صدیاں گزر گئی ہیں اور یہ پندرھویں صدی ہجری جارہی ہے تو پھر وہ اِمام مہدی کیوں نہیں آیا؟ حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیثِ قدسی نعوذ باللہ، نعوذ باللہ، نعوذ باللہ جھوٹی تو ہو نہیں سکتی، تو پھر چودھویں صدی گزرگئی تو اِمام مہدیؓ کیوں نہیں آیا؟ اگر آیا تو کون ہے اور ہمیں پتا نہیں چلا۔

جواب:۔

چودھویں صدی میں اِمام مہدیؓ کے آنے کی کوئی حدیث نہیں۔ جس شخص نے آپ کو حدیث کا حوالہ دیا، اس نے غلط اور جھوٹا حوالہ دیا۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد تو کبھی غلط نہیں ہوسکتا، لیکن اگر کوئی شخص جھوٹی بات بناکر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب کردے تو وہ ظاہر ہے کہ سچی نہیں ہوگی، جھوٹی ہوگی۔ اور جھوٹے لوگ ہی جھوٹی اور بناوٹی حدیث کا حوالہ دے سکتے ہیں۔