بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

علاماتِ‌قیامت

اِمام‌مہدی‌کا‌ظہور‌برحق‌ہے

سوال:۔

محترم بزرگوار! میں آپ کی توجہ بروز جمعہ ۲۲؍۹؍۱۹۸۹ء کے اخبار (آپ کے مسائل اور ان کے حل) کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں، جس میں ایک صاحب نے انتہائی غیرشائستہ الفاظ اِمام مہدی کے بارے میں استعمال کئے ہیں، اور جس میں اس پہلو پر روشنی ڈالی گئی ہے کہ اِمام مہدی نہیں آئیں گے۔ میں ان صاحب کو اس بات سے مطلع کرنا چاہتا ہوں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے آپ کے ظہور کی حدیث میں خاص چودھویں صدی نہیں فرمایا، بلکہ جب قیامت قریب ہوگی جب اِمام مہدی ظہور پذیر ہوں گے۔ اِمام مہدی، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی آل اولاد میں سے ہیں، اور ان کے لئے ایسے غیرشائستہ الفاظ نہایت گستاخی کی علامت ہے۔ میں آپ سے یہ سوال کرنے کی جسارت کرتا ہوں کہ کیا آپ کا اس بات پر ایمانِ کامل ہے کہ اِمام مہدی آج نہیں تو کل ضرور ظہور پذیر ہوں گے؟

جواب:۔

حضرت مہدی علیہ الرضوان کا ظہور برحق ہے، ان کے بارے میں متعدّد اَحادیث موجود ہیں، جن کو بعض اہلِ علم نے ’’متواتر احادیث‘‘ قرار دیا ہے،(۱) حضرت مہدیؓ کا ظہور قربِ قیامت میں ہوگا، وہ مسلمانوں کے خلیفہ ہوں گے، ان کے زمانے میں کانا دجال نکلے گا، جس کو قتل کرنے کے لئے حضرت عیسیٰ علیہ السلام آسمان سے نازل ہوں گے، اور ’’بابِ لُدّ‘‘ پر دجال کو قتل کریں گے۔ یہ تمام اُمور احادیث میں تفصیل کے ساتھ ذکر کئے گئے ہیں۔ جن صاحب نے حضرت مہدی کے بارے میں سوال کیا تھا، وہ بے چارے حضرت مہدی کو چودھویں صدی میں ڈھونڈ رہے تھے، اور اس کے لئے انہوں نے ایک حدیث کا حوالہ ذکر کیا تھا۔ میں نے ان کے جواب میں لکھا تھا کہ چودھویں صدی میں حضرت مہدی کے آنے کی کوئی حدیث نہیں۔ یہ دعویٰ کہ مہدی چودھویں صدی میں آئیں گے، خالص جھوٹ ہے، اور یہ جھوٹ مرزا غلام احمد قادیانی کے ماننے والوں نے پھیلایا تھا، تاکہ مرزا غلام احمد قادیانی کے جھوٹے دعویٔ مہدویت کو اس جھوٹ کے ذریعے چالو کیا جائے۔ اسی بنا پر میں نے لکھا تھا کہ مہدی ہونے کا جھوٹا دعویٰ، جھوٹ کے پاؤں پر ہی چل سکتا ہے۔ بہرحال مسلمانوں کا عقیدہ یہی ہے کہ حضرت مہدیؓ کا ظہور قربِ قیامت میں ہوگا، اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام ان کے زمانے میں نازل ہوں گے۔

  1. (۱) وبالجملۃ ان احادیث ظھور المھدی قد بلغت فی الکثرۃ حد التواتر، وقد تلقاھا الاُمّۃ بالقبول فیجب اعتقادہ ولَا یسوغ ردہ وانکارہ ۔۔۔الخ۔ (التعلیق الصبیح شرح مشکوٰۃ المصابیح ج:۶ ص:۱۹۸، طبع عثمانیۃ، لَاھور)۔ عن عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: لَا تذھب الدُّنیا حتّٰی یملك العرب رجل من أھل بیتی یواطیٔ اسمہ اسمی۔ (مشکوٰۃ ص:۴۷۰، باب أشراط الساعۃ، نیز ص:۴۷۳)۔