غلط عقائد رکھنے والے فرقے
ڈاکٹر عثمانی نے دِین کی حقیقت کو نہیں سمجھا
سوال:۔
میں بہت اُلجھا ہوا شخص ہوں، عقائد بھی موروثی ہیں، جو کہ محدود ہیں، اب دِلچسپی جناب محترم ڈاکٹر عثمانی صاحب کے ساتھ ہے، وہ بھی اسلام کی حد تک۔ سوائے آپ کے دیگر مولاناؤں نے میری مشکل حل تو اپنی جگہ، جواب بھی نہیں دئیے۔ اب مجھے بھی معلوم ہے کہ آپ عثمانی صاحب کے خلاف ہیں، ماہنامہ ’’بینات‘‘ میں معجزات و کرامات کا ڈاکٹر صاحب کے خلاف پڑھا تھا۔
جواب:۔
اس ناکارہ کا وجود اگر کسی مسلمان بھائی کی خیرخواہی میں کام آجائے تو شاید یہ میرے لئے ذریعۂ نجات بن جائے، اس لئے بے پناہ مصروفیت کے باوجود میں ہر خط کا جواب دینے کا اہتمام کرتا ہوں، آنجناب کوئی بات دریافت فرمائیں تو اِن شاء اللہ اپنی محدود فہم و بصیرت کے مطابق ضرور جواب دُوں گا۔
ڈاکٹر عثمانی صاحب محترم ہمارے ہی دارالعلوم کے پڑھے ہوئے ہیں، مگر ان کو یہ خیال ہوگیا ہے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے لائے ہوئے دِین کو پہلی بار انہوں نے سمجھا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ بڑے بڑے اکابرِ اُمت کو ۔۔۔جن کے ذریعے علومِ نبوّت ہم تک پہنچے ہیں۔۔۔ گمراہ سمجھتے ہیں۔ اور میں ایسے خیال سے اللہ کی سو بار پناہ مانگتا ہوں۔ کسی جزوی مسئلے میں اُونچ نیچ ہوجانا، قابلِ برداشت ہے، لیکن یہ قابلِ برداشت نہیں کہ کوئی شخص ’’توحیدِ خالص‘‘ کے نام پر پوری اُمت کا صفایا کرڈالے۔
ڈاکٹر صاحب کے بارے میں میرے پاس بہت سے سوالات آتے ہیں، اور جی چاہتا ہے کہ ڈاکٹر صاحب کے نظریات پر تفصیل کے ساتھ لکھوں، تاکہ آپ ایسے جو حضرات دِین کی طلبِ صادق کے ساتھ ڈاکٹر صاحب کے گرویدہ ہیں، ان کو صحیح فیصلہ کرنے میں آسانی ہو، مگر ایک تو فرصت نہیں مل سکتی، دُوسرے میں چاہتا تھا کہ ڈاکٹر صاحب سے بالمشافہ گفتگو ہوجائے تو شاید اصلاح کی کوئی صورت نکل آئے، مگر اس کا بھی موقع نہیں ملا۔ ڈاکٹر صاحب نے دِین کی حقیقت کو نہیں سمجھا۔

