بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

غلط عقائد رکھنے والے فرقے

گمراہ فرقوں کی نشاندہی

سوال:۔

ہم پاک سرزمین سے باہر رہنے والے لوگوں کو جب بھی کوئی پاکستانی رسالے، ڈائجسٹ پر نظر پڑے تو ہم ضرور خرید کر پڑھتے ہیں، اور پھر وہ ہاتھوں ہاتھ دیگر اَصحاب تک بھی پہنچ جاتا ہے، لیکن مقبولیت اس جریدے کو ملتی ہے جو سیاست کی غلاظت اور مذہبی فرقہ بازی سے پاک ہو۔ آپ سے صرف اتنی بات کہنی ہے کہ جب اللہ، رسول، کتاب اور کعبہ ایک ہے تو پھر صرف اسلام، دِین کی بات کریں، اس کے آگے یا پیچھے دیوبندی، بریلوی، اہل حدیث وغیرہ کی اضافت لگاکر بات کو مشکوک نہ کریں۔ جب ہماری زندگی موت صرف اللہ کے لئے ہے تو صرف اللہ اور رسول اللہ کی بات لکھنا کافی ہے۔ فریق بنانا یا بننا پسندیدہ بات نہیں، ہم مسلم ہیں اور ہمارا ایک ہی فریق ہے، ایک ہی گروپ ہے، اور وہ مسلم ہے۔ اس سے آگے نفرت اور تفرقہ ہے۔ جسے نہ اللہ پسند کرتا ہے، نہ رسول اللہ اور نہ اللہ کے بندے۔ اُمید ہے کہ آپ بُرا منانے کے بجائے ایک مسلم اور اچھے مسلم کی حیثیت سے میری بات پڑھیں گے۔ اللہ ہمیں اِتحاد و اِتفاق کی برکات سے نوازے اور فرقہ بازی سے پاک رکھے۔

جواب:۔

ایک مسلمان کے لئے جہاں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے دُوسرے اَحکام پر عمل کرنا ضروری ہے، وہاں گمراہ اور باطل فرقوں سے بیزاری اور اہلِ حق کے ساتھ وابستگی بھی ضروری ہے، یہ بھی اللہ و رسول ہی کا حکم ہے:

ﵟ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ ٱتَّقُواْ ٱللَّهَ وَكُونُواْ مَعَ ٱلصَّٰدِقِينَ ١١٩ ﵞ (التوبة ١١٩)

ترجمہ:۔ ’’اے ایمان والو! اللہ سے ڈَرو اور سچے لوگوں کے ساتھ ہوجاؤ۔‘‘