غلط عقائد رکھنے والے فرقے
اُمت کے تہتر فرقوں میں کون برحق ہے؟
سوال:۔
خواجہ محمد اسلام کی کتاب ’’موت کا منظر مع مرنے کے بعد کیا ہوگا؟‘‘ کے اندر صفحہ:۳۳۵ پر عنوان ’’اُمتِ محمدیہ، یہود و نصاریٰ اور فارس و رُوم کا اتباع کرے گی‘‘ کی تفصیل میں نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد پڑھا، جس میں آپ نے فرمایا: ’’بلاشبہ بنی اسرائیل کے بہتر۷۲ فرقے ہوگئے تھے، اور میری اُمت کے تہتر۷۳ مذہبی فرقے ہوں گے جو ایک کے علاوہ سب دوزخ میں جائیں گے۔ صحابہؓ نے عرض کیا: وہ (جنتی) کون سا ہوگا؟ ارشاد فرمایا: (جو اس طریقے پر ہوگا) جس پر میں اور میرے صحابہؓ ہیں۔‘‘ میرا تعلق اہلِ سنت والجماعت سے ہے، دورِ حاضر میں کون سا مذہبی فرقہ نبی کے ارشاد کے مطابق صحیح ہے؟
جواب:۔
اس سوال کا جواب تو خود اسی حدیث میں موجود ہے، یعنی: ’’مَا أَنَا عَلَيْهِ وَأَصْحَابِيْ!‘‘(۱) پس یہ دیکھ لیجئے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہؓ کے طریقے پر کون ہے؟
- (۱) عن عبداللہ بن عمر قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: لیأتین علٰی اُمّتی کما أتٰی علٰی بنی اسرائیل ۔۔۔ کلھم فی النار اِلّا ملّۃ واحدۃ، قالوا: من ھی یا رسول اللہ؟ قال: ما أنا علیہ وأصحابی۔ رواہ الترمذی۔ (مشکوٰۃ ص:۳۰، باب الْإعتصام)۔

