بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

سنت وبدعت

مروّجہ دُرود وسلام کی شرعی حیثیت

سوال:۔

مسجد میں یا گھر میں یا کسی اور محفل میں میلاد شریف یا دُرود وسلام کرنا بدعت کس طرح ہے؟ کیا کراہت ہے؟ حدیث شریف یا قرآن میں اس کی ممانعت آئی ہے یا نہیں؟ اگر ہے تو تحریر فرماویں۔ اگر ایک شخص کھڑے ہوکر سلام پڑھتا ہے تو کیا فرق ہے؟ اگر بیٹھ کر پڑھتا ہے تو کیا فرق ہے؟ الغرض یہ کہ دونوں صورتوں میں کسی نہ کسی ایک کو تو اپنائے گا۔ یہاں میں آپ کو اپنی سمجھ سے آگاہ کرتا چلوں کہ اگر کوئی شخص بعد اَز نمازِ جمعہ یا کسی اور موقع پر سلام پڑھتا ہے، نہ تو حاضر وناظر سمجھتا ہے اور نہ ہی یہ سمجھتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لارہے ہیں، یہاں تک کہ وہ خود اپنے عقیدے کا ذمہ دار ہے، نہ کہ دُوسروں کا، ایسی محفل میں شمولیت کرتا ہے، شریعت کی رُو سے کیا قباحت ہے؟ جب دُور سے سلام ودُرود فرشتے آپ تک پہنچاتے ہیں، تو کیا جو مسجدوں میں اور دیگر جگہ سلام پڑھا جاتا ہے، یہ نہیں پہنچاتے ہوں گے؟

جواب:۔

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر دُرود شریف پڑھنا اعلیٰ ترین عبادت ہے، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا تذکرۂ مقدس بھی بڑی سعادت ہے۔ دُرود شریف نہایت توجہ اور یکسوئی سے پڑھنا چاہئے، اور یہ اِنفرادی عمل ہے، اِجتماعی عمل نہیں۔ آج کی میلاد شریف کے نام پر جو محفلیں ہوتی ہیں، ان میں بہت سی چیزیں ایسی شامل ہوگئی ہیں جو شرعاً دُرست نہیں، مثلاً: نعتیں پڑھنے والے اکثر داڑھی منڈے ہوتے ہیں، نعتوں کے مضامین صحیح نہیں ہوتے، روایات غلط سلط بیان کی جاتی ہیں، اور ان کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب کیا جاتا ہے۔ بعض جگہ مردوں، عورتوں کا اِختلاط ہوتا ہے، بعض جگہ روشنی زائد اَز ضرورت کی جاتی ہے، بعض جگہ شیرینی تقسیم کرنے کو ضروری سمجھا جاتا ہے، وغیرہ وغیرہ۔

اگر کوئی جلسہ ان مفاسد سے خالی ہو، صحیح روایات سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے کمالات بیان کئے جائیں اور سامعین پورے ادب واِحترام سے سنیں، تو اس کو کوئی بدعت نہیں کہتا۔ صلوٰۃ وسلام کا جو طریقہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بتایا ہے، اسی طریقے میں برکت وسعادت ہے، یہ جو نمازِ جمعہ کے بعد یا دُوسرے موقعوں پر لاؤڈاسپیکر پر مل کر راگ گایا جاتا ہے، یہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم نہیں، بلکہ خالص ریاکاری ہے۔ اگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر دُرود پڑھنا مقصود ہوتا تو ہر آدمی تنہائی میں یکسوئی کے ساتھ بیٹھ کر دُرود شریف پڑھتا، مل کر گانے، لاؤڈاسپیکر اِستعمال کرنے اور لوگوں کو سنانے کی کیا ضرورت تھی؟ بہرحال صدرِ اَوّل سے اس کا کوئی ثبوت نہیں ملتا۔