صحابہؓ وصحابیاتؓ، ازواجِ مطہراتؓ اور صاحبزادیاںؓ
حواری کسے کہتے ہیں؟
ہم نے قرآن پاک میں حواریوں کا ذکر تیسرے، ساتویں اور اٹھائیسویں پارے میں پڑھا، اس ضمن میں کچھ سوالات:
۱:۔حواری کون لوگ تھے؟
۲:۔حواری کا مطلب کیا ہے؟
۳:۔حواری کو اُردو میں کیا پکارا جاتا ہے؟
۴:۔حواری کے علاوہ دُوسرا گروہ کون سا تھا جو کافر ٹھہرا؟
۵:۔اور اس کی مفصل تفصیل بیان کریں اور حواریوں کا خطاب کن کو ملا؟
جواب:۔
’’حواری‘‘ کا لفظ ’’حَوَرَ‘‘ سے ہے، جس کے معنی سفیدی کے ہیں، ان آیات میں ’’حواری‘‘ کا لفظ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے مخلص احباب و اصحاب کے لئے استعمال ہوا ہے، جن کی تعداد بارہ ۱۲ تھی،(۱) حواری کا لفظ اُردو میں بھی مخلص اور مددگار دوست کے معنی میں استعمال ہوتا ہے، وارث سرہندی صاحب کی کتاب ’’علمی لغت‘‘ میں ہے:
’’حواری: خاص، برگزیدہ، مددگار، دھوبی، حضرت عیسیٰ ؑ کا صحابی، وہ جس کا بدن بہت سفید ہو۔‘‘(۲)
وہ کافر گروہ جس کا ذکر سورۃ الصف کی آیت:۱۴ میں ہے، اس کے بارے میں حضرت ابنِ عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جب حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو آسمان پر اُٹھایا گیا تو عیسائیوں کے تین گروہ ہوگئے۔ ایک نے کہا کہ وہ خود ہی خدا تھے اس لئے آسمان پر چلے گئے۔ دُوسرے نے کہا کہ وہ خدا تو نہیں مگر خدا کے بیٹے تھے، اس لئے باپ نے اپنے بیٹے کو اپنے پاس بلالیا۔ یہ دونوں گروہ کافر ہوگئے۔ تیسرا گروہ مسلمانوں کا تھا، انہوں نے کہا کہ وہ نہ خدا تھے، نہ خدا کے بیٹے تھے، بلکہ اللہ تعالیٰ کے بندے اور اس کے رسول تھے، اللہ تعالیٰ نے اپنی خاص حکمت کے تحت ان کو آسمان پر اُٹھالیا (اور قربِ قیامت میں وہ پھر نازل ہوں گے)، یہ گروہ مؤمن تھا۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے حواری اور ان کے سچے پیروکاروں کا یہی عقیدہ تھا۔(۳)
- (۱) الحواری أصلہ من الحور وھو شدۃ البیاض ۔۔۔ کانوا الحواریون اثنی عشر رجلًا اتبعوا عیسٰی علیہ السلام۔ (التفسیر الکبیر ج:۸ ص:۶۳، طبع دار إحیاء التراث العربی، بیروت)۔
- (۲) علمی لغت ص:۶۵۷ (مطبوعہ علمی کتب خانہ)۔
- (۳) عن ابن عباس قال: لما أراد اللہ عزَّ وجلَّ أن یرفع عیسٰی إلی السماء ۔۔۔ فتفرقوا ثلاث فِرَق، قالت فرقۃ: کان اللہ فینا ما شاء ثم صعد إلی السماء، وھٰؤلَاء الیعقوبیۃ، وقالت فرقۃ: کان فینا ابن اللہ ما شاء اللہ ثم رفعہ إلیہ، وھٰؤلَاء النسطوریۃ، وقالت فرقۃ: کان فینا عبداللہ ورسولہ ما شاء اللہ ثم رفعہ إلیہ وھٰؤلَاء المسلمون۔ (تفسیر ابن کثیر ج:۶ ص:۲۱۰ طبع رشیدیہ کوئٹہ)۔

