بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

انبیائے کرام علیہم السلام

آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نام کے ساتھ ’’ ؐ‘‘ یا ’’صلعم‘‘ لکھنا

سوال:۔

میں نے بڑے علماء کی کتابوں میں یہ دیکھا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نام کے ساتھ صرف ( ؐ) لکھ دیتے ہیں، کیا یہ صحیح ہے؟ ایسا لکھنا چاہئے؟ یا یہ غلط ہے؟ کیا پورا ’’صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ لکھنا ضروری ہے؟

جواب:۔

پورا دُرود شریف ’’صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ لکھنا چاہئے۔(۱) صرف ( ؐ) یا ’’صلعم‘‘ کی حماقت، علماء نہیں کرتے بلکہ کاتب صاحبان کرتے ہیں۔ میں بالالتزام پورا دُرود شریف لکھتا ہوں، مگر کاتب صاحبان مجھ پر بھی عنایت کرجاتے ہیں۔

  1. (۱) وقد استحب أھل الکتابۃ أن یکرّر الکاتب الصلاۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وسلم کلما کتبہ۔ (تفسیر ابن کثیر ج:۵ ص:۲۲۷، مطبوعہ رشیدیہ)۔ وینبغی ان یحافظ علٰی کتابۃ الصلاۃ والتسلیم علٰی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ولَا یسأم من تکرارہ ومن أغفلہ حرم حظًّا عظیمًا ۔۔۔ ویکرہ الْإقتصار علی الصلاۃ أو التسلیم والرمز إلیھما فی الکتابۃ بل یکتبھما بکمالھما۔ (تقریب النواوی مع التدریب ص:۲۱۷، ۲۱۸ طبع بیروت)۔