انبیائے کرام علیہم السلام
حضرت آدم علیہ السلام سے نسل کس طرح چلی؟ کیا ان کی اولاد میں لڑکیاں بھی تھیں؟
سوال:۔
حضرت آدم علیہ السلام سے نسل کس طرح چلی؟ یعنی حضرت آدم علیہ السلام کے لئے اللہ تعالیٰ نے حضرت حوا کو پیدا فرمایا، حضرت آدم علیہ السلام کی اولادوں میں تین نام قابلِ ذکر ہیں، اور یہ تینوں نام لڑکوں کے ہیں۔ ۱:ہابیل۔ ۲:قابیل۔ ۳:شیث۔ آخرکار ان تینوں کی شادیاں بھی ہوئی ہوں گی، آخر کس کے ساتھ؟ جبکہ کسی بھی تاریخ میں آدم علیہ السلام کی لڑکیوں کا ذکر نہیں آیا۔ آپ مجھے یہ بتادیجئے کہ ہابیل، قابیل اور شیث سے نسل کیسے چلی؟ میں نے متعدّد علماء سے معلوم کیا، مگر مجھے ان کے جواب سے تسلی نہیں ہوئی، اور بہت سے علماء نے غیرشرعی جواب دیا۔
جواب:۔
حضرت آدم علیہ السلام کے یہاں ایک بطن سے دو بچے جڑواں پیدا ہوتے تھے، اور وہ دونوں آپس میں بھائی بہن شمار ہوتے تھے، اور دُوسرے بطن سے پیدا ہونے والے بچوں کے لئے ان کا حکم چچا کی اولاد کا حکم رکھتا تھا، اس لئے ایک پیٹ سے پیدا ہونے والے لڑکے لڑکیوں کے نکاح دُوسرے بطن کے بچوں سے کردیا جاتا تھا۔ ہابیل، قابیل کا قصہ اسی سلسلے پر پیش آیا تھا، قابیل اپنی جڑواں بہن سے نکاح کرنا چاہتا تھا جو دراصل ہابیل کی بیوی بننے والی تھی۔(۱)
لڑکیوں کا ذکر عام طور سے نہیں آیا کرتا، قابیل و ہابیل کا ذکر بھی اس واقعے کی وجہ سے آگیا۔
- (۱) ان اللہ تعالٰی کان قد شرع لآدم علیہ السلام أن یزوّج بناتہ من بنیہ لضرورۃ الحال، ولٰـکن قالوا: کان یولد لہٗ فی کل بطن ذکر وأُنثٰی، فکان یزوّج أُنثٰی ھٰذا البطن لذکر البطن الآخر، وکانت أُخت ھابیل دمیمۃً، وأُخت قابیل وضیئۃ، فأراد أن یستأثر بھا علٰی أخیہ ۔۔۔ فکان من أمرھما ما قص اللہ فی کتابہ۔ (تفسیر ابن کثیر ج:۲ ص:۵۱۷، سورۃ المائدۃ آیت:۲۷ تا ۳۱ طبع رشیدیہ)۔

